مسرت جمشید چیمہ

تجربے کا نتیجہ یہ نکلا آج ایٹمی ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر صرف 2.9 ارب ڈالر پر ہیں’ مسرت چیمہ

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کو ایک شخص نے اپنے تجربات کے لیے استعمال کیاجس کا نتیجہ قوم کے سامنے ہے ،تجربے کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج ایٹمی ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر صرف 2.9 ارب ڈالر پر ہیں ،صنعتیں بند ہوچکی ،عوام آٹے کیلئے جانیں دے رہے ہیں ،مہنگائی کے باعث لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج قوم میںمایوسی پھیل رہی ہے ،پاکستان کے ساتھ اس ظلم عظیم کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ تیرہ جماعتی اتحاد بظاہر مسیحا بن کر آیا لیکن حقیقت میں اژ دھا ثابت ہوا جو آہستہ آہستہ ملک و قوم کو نگل رہا ہے ،جیسا مرضی لبادہ اوڑھ لیں رجیم چینج آپریشن کے کردار عوام کے ذہنوں پر نقش ہو چکے ہیں۔

ا نہوں نے کہا کہ شوکت ترین کی گرفتاری اس لئے ضرور ی ہے کیونکہ انہوں نے معیشت کو تنزلی سے نکالنے میں کردار ادا کیا ،امپورٹڈ ٹولے نے قومی خزانہ خالی کرنے کے بعد منی بجٹ کے ذریعے عوام کی جیبوں پر نظریں گاڑھ لی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہجابر حکمرانوں کے مظالم کے باوجود عمران خان کی مقبولیت ہر دن بڑھتی جا رہی ہے،پنجاب میں الیکشن کا بگل بج چکاہے ، عوام الیکشن کے ذریعے امپورٹڈٹولے سے بدلہ لینے کیلئے بیتاب ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف اب کبھی واپس نہیں آئیں گے، مریم نواز کو صرف کارکنوں کو ”لارے”دینے کیلئے بھیجا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں