لاہور( عکس آن لائن) تاجر رہنما ،آئرن و سٹیل مارکیٹس لاہور کے صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ (جولائی تافروری)کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارے میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 9فیصد اضافہ ہوا ہے وزرات تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی برآمدات کے مقابلہ میں درآمدات8ماہ کے دوران 33ارب60کروڑ ڈالر کی رہیں،اس طرح 8ماہ میں تجارتی خسارہ میں 9فیصد اضافہ ہوا۔انہوںنے کہا کہ حکومت درآمدات کو کنٹرول کرے اور غیر ضروری درآمدات کی حوصلہ شکنی کرے اور برآمدات کا ہدفت پورا کرنے کیلئے نئی تجارتی پالیسی کا جلد از جلد اعلان کیا جائے تاکہ اس میں دی گئی مراعات سے ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوسکے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے آئرن و سٹیل شیٹ مارکیٹس ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ تجارتی خسارہ میں کمی اوربرآمدات کا ہدف پورا کرنے کیلیء صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے ۔ برآمدات کی بحالی اور توسیع کے سلسلہ فوری اقدامات کی ضرورت ہے اس ضمن میں پاکستانی مصنوعات کے لیے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش اور بیرون ملک سفارتخانوں کو فعال کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک پاکستانی مصنوعا ت کی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔ انہوںنے کہا کہ تجارتی خسارہ میں کمی اور حکومت کی طرف سے پانچ سالوں میں برآمدات کا ہدف46ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے کیلئے نئی تجارتی پالیسی میں صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے تاکہ پاکستانی اشیاء کی بیرون ملک کھپت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔