کراچی (عکس آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تاجروں کو خلاف ورزی پر اکسانے والوں کے خلاف حکومت سندھ کارروائی کرے گی، جن دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے وہی دکانیں کھولی جائیں گی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی، کورونا وائرس ایک حقیقت ہے اور ہمیں اس بات کو سمجھنا ہوگا، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور محکمہ صحت سندھ کے مطابق مئی کے وسط اور آخر میں اس وباء میں شدت آنے کا اندیشہ ہے جس کی وجہ سے ہمیں اس سے بچنے کے لئے صرف اور صرف احتیاط کرنی ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اس وقت بھی سیاست کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور تاجروں اور دکانداروں کو اس مشکل وقت میں حکومت کے خلاف اکسا رہے ہیں، ان کو بھی یہ سمجھنا چاہئیے کہ اس طرح سے یہ و باء تیزی سے پھیلنے کا خطرہ ہے اور ایک دفعہ یہ کنٹرول سے باہر ہو گئی تو بہت بڑا نقصان ہوگا، کاروبار اور معیشت تو بحال ہوسکتی ہے لیکن لوگوں کی زندگی واپس نہیں آسکتی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کو ٹیکسز میں رعایت اور دیگر سہولتیں دینے پر غور کیا جارہا ہے لیکن اس وقت کاروبارکھولنے کا فیصلہ دانشمندانہ اقدام نہیں ہے، سندھ حکومت پر تجارتی مراکز کھولنے کے لیے تاجروں کی طرف سے دباؤ ہے لیکن حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ رفتہ رفتہ حالات کے تناظر میں تجارتی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی۔