نادیہ خان

بے راہ روی کا بڑھنا اور ناجائز تعلقات میں آسانیاں بھی طلاق کی وجہ ہیں، نادیہ خان

کراچی (عکس آن لائن)اداکارہ، ماڈل و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے معاشرے میں بے راہ روی کا بڑھنا، مرد و خواتین کو ملنے والی آزادیاں اور ناجائز تعلقات میں آسانیاں پیدا ہونا بھی طلاق کی وجہ ایک وجہ ہیں۔دو سال قبل 2021 میں فیصل ممتاز سے تیسری شادی کرنے والی نادیہ خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنی نجی زندگی سمیت شوبز اور سماجی مسائل پر کھل کر باتیں کیں۔شو کے دوران ان سے معاشرے میں طلاقوں کے بڑھتے رجحانات سے متعلق بھی پوچھا گیا، جس پر انہوں نے بتایا کہ طلاقوں کے کئی اسباب ہیں۔اداکارہ و میزبان نے کہا کہ ماضی میں لڑکے اور لڑکی کے درمیان رابطہ ہونا اور تعلق بننا بہت مشکل ہوتا تھا، کبھی کبھی کوئی لڑکا ہمت کرکے کسی لڑکی کے سامنے کارڈ پھینک کر بھاگ جاتا تھا مگر اب صورتحال مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے سادہ اور آسان جواب یہ ہے کہ اب لوگ ایک دوسرے کے ساتھ سچے اور وفادار نہیں رہے اور خصوصی طور پر مرد بے راہ روی کا شکار ہیں۔نادیہ خان نے کہا کہ اب آسانیاں پیدا ہو گئی ہیں اور مرد حضرات کو ہر طرف لڑکیاں ہی لڑکیاں دکھائی دیتی ہیں، جس وجہ سے اب انہیں گھر کو سنبھالنے اور بچوں کی پرورش کرنے والی بیوی اچھی نہیں لگتی۔اداکارہ و میزبان کے مطابق اب مرد حضرات کے لیے غلط خواہشوں کی تکمیل کو مکمل کرنا آسان بن چکا ہے، کیوں کہ اب ان کے پاس آپشن بہت ہیں، ان کے پاس گھر ہیں، اپارٹمنٹس ہیں، ڈیٹنگ پوائنٹس اور ایپس بھی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مرد حضرات کی یہی عادت رہی ہے اور اب ان کے لیے مزید آسانیاں پیدا ہوگئی ہیں، ان کے لیے تمام بندشیں ختم ہو چکی ہیں۔

انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی کچھ جاننے والی دوست لڑکیوں کے شادی شدہ مرد حضرات کے ساتھ تعلقات ہیں اور انہیں ایسے مرد حضرات پر بہت غصہ آتا ہے، کیوں کہ وہ دونوں طرف جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں، چکر چلا رہے ہوتے ہیں، شادیاں کر رہے ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں