بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں سپرنگ گالا کا آغاز ہو گیا

اسلام آباد (عکس آن لائن) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں سالانہ سپرنگ گالا کا آغاز منگل کو ہوا ،جس کا افتتاح رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے موسمیاتی تبدیلی ناز بلوچ نے کیا۔گالا کی افتتاحی تقریب میں 40 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والی طالبات نے شرکت کی۔ گالا میں جامعہ کی 9 فیکلٹیز کے 50 کے قریب شعبہ جات کی طالبات درجنوں مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ان مقابلوں میں کرکٹ، ایتھلیٹکس، ٹگ آف وار، بیڈمنٹن، والی بال، فٹسال، باسکٹ بال، حفظ، نعت، کوئز، بیت بازی، مضمون نگاری، فوٹو گرافی، پھولوں کی نمائش اور دیگر مقابلے شامل ہیں۔افتتاحی تقریب میں نائب صدر (فیمیل کیمپس) ڈاکٹر ثمینہ ملک، اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر سمیعہ چغتائی، پرووسٹ ڈاکٹر حمیرا اشفاق، انچارج سپورٹس نادیہ مختار اور خواتین فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے ناز بلوچ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور خواتین کے فعال کردار کے بغیر کسی معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے خواتین طالبات کی حوصلہ افزائی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت طلباء بالخصوص خواتین کو کھیلوں میں مہارت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے خواتین کیمپس انتظامیہ کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی اور طالبات کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ناز بلوچ نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کا کردار کلیدی ہے، اقتصادی دھارے میں خواتین کی شرکت سے مستحکم اور خوشحال معاشرہ قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر ثمینہ ملک نے کہا کہ یونیورسٹی ایک مساوی مواقع فراہم کرنے والا ادارہ ہے اور یہ اپنی طالبات کو خاص اہمیت دیتا ہے، اسی لیے ان کے لیے الگ کیمپس بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے ذہنی اور جسمانی صحت پر زور دیا ہے جس کا حصول کھیلوں کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہونہار طالبات روشن مستقبل کی علامت ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس گالا کی تقریب طالبات کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے منتظم ٹیم اور طلباء کی محنت کو سراہا۔

ڈاکٹر سمیعہ نے اس موقع پر بتایا کہ گالا کا مقصد طالبات کو اپنے کاروبار قائم کرنے، معاشرے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں پڑھائی صرف نمبروں کے کھیل تک محدود نہیں رہ سکتی بلکہ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کارکردگی بھی اتنی ہی اہم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی تعمیری سرگرمیاں کیمپس میں جاری رہیں گی۔ دریں اثناء رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران قوم کی تعمیر و ترقی میں یونیورسٹیوں کے کردار اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات میں شعبہ تعلیم کے کردار کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر جامعہ نے یونیورسٹی کے پروفائل، اس کی حالیہ سرگرمیوں، تعاون اور قومی کاز کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ناز بلوچ نے یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے ایک علیحدہ کیمپس میں خواتین کی مثالی تعلیم کے لیے یونیورسٹی میں کیے گئے انتظامات کو بھی سراہا۔اس موقع پر ڈاکٹر ثمینہ ملک بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں