وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

بھارت نے کوئی حماقت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پھر انتباہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اْس نے کوئی حماقت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا۔جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا ایک اور ڈرون مار گرایا ہے اور جاسوسی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈرون سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 700 میٹر تک پاکستانی حدود کے اندر آیا جسے مار گرایا گیا، بھارت مسلسل ہزیمت اٹھا رہا ہے۔وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بھارت کا سرجیکل اسڑائیک کا ڈرامہ ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ فالس فلیگ آپریشن کے بہانے تلاش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی پالیسی ناکام ہوگئی، اندرونی معاملات سے بچنے کیلئے بھارت یہ سب کر رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے بھارت کو پیغام دیا کہ کوئی بھی حماقت نہ کی جائے، لداخ میں بھی بھارت ناکام ہوا ہے، بھارتی میڈیا بھی اپنی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کہہ رہا ہے کہ انڈین نیشنل سیکیورٹی ایڈاوائزر کی پالیسی سے بھارتی فوج مطمئن نہیں، بھارتی فوج سمجھتی ہے کہ اسے بند گلی میں دھکیلا جارہا ہے، جو راستہ بھارتی حکومت اپنا رہی ہے وہ غلط ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں