بھارت

بھارت میں کسانوں کی مددگارٹول کٹ کے مصنفین کے خلاف مقدمہ درج

نئی دہلی (عکس آن لائن)دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر نے کہا ہے کہ کسانوں کی مددگار ٹول کٹ کے مصنفین کے خلاف دہلی پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق سوشل میڈیا پر اس ٹول کٹ کو سوئیڈن کی ماحولیاتی تحفظ کے سماجی رہنما گریٹا تھنبرگ سمیت متعدد لوگوں نے اس ٹول کٹ کو شیئر کیا ہے۔اس سے قبل متعدد بھارتی خبر رساں اداروں نے رپورٹ کیا تھا کہ دہلی پولیس نے سوئیڈن کی سماجی رہنما کی ٹوئٹ پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے جہاں انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کسانوں سے یک جہتی کا اظہار کرنے کے سات ساتھ اس ٹول کٹ کو شیئر کیا۔اس ٹول کٹ میں لوگوں کو حالات کی نزاکت کے بارے میں بتایا گیا ہے تاکہ وہ معاملے کو سمجھ سکیں اور خود تجزیہ کر کے فیصلہ کر سکیں کہ انہیں کسانوں کو کس طرح سپورٹ کرنا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پراویر رنجن نے کہا کہ دہلی پولیس انتہائی باریک بینی سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کررہی ہے اور 300 سے زائد ایسے اکاؤنٹس ملے ہیں جو کسانوں کے نام پر بھارتی حکومت کے خلاف عوام کو اکسا کر امن و امان خراب کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک دستاویز کو ‘ٹول کٹ’ کا نام دیا گیا ہے جسے خالصتان کے حامی گروپ نے مرتب کیا ہے اور اس میں بتایا گیا ہے کہ 26 جنوری کے بعد ٹوئٹر سمیت سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ باقاعدہ سڑکوں پر احتجاج کے لائحہ عمل کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔26 جنوری کو کسانوں کے احتجاج اور کچھ افراد کی جانب سے پولیس کے حفاظتی حصار کو توڑ کر دہلی کے لال قلعے میں داخل ہونے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس کمشنر نے کہا کہ یہ سب کچھ اس دستاویز پر عمل کر کے کیا گیا اور اس کے نتیجے میں پولیس نے اس دستاویز کے مصنفین کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے جس کی دہلی پولیس کا سائبر سیل تفتیش کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس ایف آئی آر میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں