بڈھا نہیں ہوا ابھی میں، شاداب کا ایک بار پھر کپتان بابر کے نام پیغام

لاہور (عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رانڈر شاداب خان نے افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کیچ پکڑنے کے بعد بظاہر ایک بار پھر کپتان بابر اعظم کے نام دلچسپ پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڈھا نہیں ہوا ابھی میں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دے دی۔

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی کپتان کا یہ فیصلہ راس نہ آیا اور پوری ٹیم47 اوور میں 201 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔202رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور ان کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرگئیں،افغانستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔افغانستان کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے چوتھے اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر شاداب نے افغان بیٹر حشمت اللہ کا ایک شاندار کیچ پکڑا جس کی تعریفیں سوشل میڈیا پر بھی کی جارہی ہیں تاہم میچ جیتنے کے بعد شاداب خان نے ٹوئٹر (ایکس) پر کیچ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے بظاہر کپتان بابر اعظم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ بڈھا نہیں ہوا ابھی میں۔

دراصل مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک موقع پر جب شاداب خان سے رن آئوٹ چھوٹ گیا تھا جس پر کپتان بابر اعظم نے شاداب کو بڈھا کہا تھا تاہم 2021میں ہی بنگلادیش کے خلاف 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں شاداب خان نے اپنی ہی بولنگ پر شاندار کیچ پکڑکے کپتان بابر اعظم کے نام دلچسپ پیغام لکھا تھا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نائب کپتان شاداب خان نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کی تصویر شیئر کی تھی اور بابر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘میں ابھی بڈھا نہیں ہوا۔واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا میچ 24 اگست کو جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 0-3 سے فتح ٹیم پاکستان کو پھر سے ایک روزہ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم بنادے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں