اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح اس سطح سے نیچے آگئی جو ہماری حکومت کے سنبھالنے کے وقت تھی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ معاشی حوالے سے مزید اچھی خبریں ہیں کہ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے ہماری کوششیں باآور ہورہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) اور بنیادی مہنگائی دونوں اس سطح سے نیچے ہیں جو ہماری حکومت کے سنبھالنے کے وقت تھیں۔عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنی معاشی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور مہنگائی پر قابو برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا مہنگائی مسلسل کم ہورہی ہے، جنوری میں سی پی آئی کم ہوکر 5.7 فیصد جبکہ بنیادی مہنگائی 5.4 فیصد ہوگئی۔انہوں نے لکھا (جولائی 2018) میں پی ٹی آئی حکومت سنبھالنے سے قبل سی پی آئی 5.8 فیصد اور بنیادی مہنگائی 7.6 فیصد تھی اور یہ شرح ہماری حکومت کے آنے سے قبل کی شرح سے نیچے اگئی۔