لاہورہائیکورٹ

بلدیاتی انتخابات میں اوورسیزپاکستانیوں کوووٹ دینے کی درخواست،وفاق اور دیگرکونوٹس،جواب طلب

لاہور (کورٹ رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق دینے کی درخواست پر وفاق، پنجاب حکومت، نادرا، الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شجاعت علی خان نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی شہری سلمان شبیر کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف پیش کیا کہ ریاستی ادارے بلدیاتی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ بے نظیر بھٹو، نواز شریف، شیخ رشید کیسز میں اوورسیز پاکستانیوں کو حقوق دینے کے اصول وضع ہیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے گزشتہ مالی سال میں 29 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات پاکستان بھجوائیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ اوورسیز پاکستانیز کا غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے میں اہم کردار ہے۔

آئین کے آرٹیکل 2 اے، 3، 5 اور 17 کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ دنیا کے 155 ممالک میں اوورسیز ووٹنگ انتخابات کا حصہ ہوتی ہے۔ وکیلِ درخواست گزار نے کہا کہ آسٹریلیا سمیت 6 ممالک اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کیلئے سہولیات فراہمی کیلئے رضامندی ظاہر کر چکے۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئےالیکشن کمیشن نے محض کاغذوں پر اپنی کارکردگی ظاہر کی ہے۔ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی شہری سلمان شبیرکی طرف سے درخواست میں کہا گیا کہ کیا ووٹ کاسٹ کرنا کسی بھی شہری کا بنیادی حق ہے یا نہیں؟کیا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا کم اہمیت کا حامل ہے؟

کیا اوورسیز پاکستانیز محض وفاقی اور صوبائی سطح کے انتخابات میں ہی اپنے ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں؟ درخواست گزار نے کہا کہ کیا الیکشن کمیشن اور نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کیا؟ اوورسیز پاکستانیوں کو نہ صرف وفاقی و صوبائی بلکہ بلدیاتی انتخابات میں بھی ووٹ ڈالنے کا اہل قرار دیا جائے۔ سلمان شبیر نے عدالت سے استدعا کی کہ 29 مئی کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے۔ اوورسیز پاکستانیز کے ووٹ کاسٹنگ کو بنیادی حقوق قرار دیا جائے۔ ریاستی اداروں کو اوورسیز پاکستانیز کے ووٹ کے حق کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں