میئر کراچی

بلاول بھٹو پورے پاکستان سے الیکشن لڑ سکتے ہیں،مرتضیٰ وہاب

کراچی (عکس آن لائن)میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کراچی کے کس حلقے سے الیکشن لڑیں گے یہ فیصلہ نہیں ہوا لیکن وہ پورے پاکستان سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

میئر کراچی مرتضی وہاب نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی اور ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو کراچی کے کس حلقے سے الیکشن لڑیں گے اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم وہ پورے پاکستان سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ شہباز شریف سابق وزیراعظم ہیں۔ ان کو بھی حق ہے کہ وہ ملک میں جہاں اور جس حلقے سے چاہیں الیکشن لڑ سکتے ہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار کے بعد کبھی کراچی آتے تو گورنر ہاؤس میں رات گزار کر واپس چلے جاتے میں شکر گزار ہوں گا اگر میاں نواز شریف سندھ کا دورہ کریں،

اگر انہیں اقتدار ملے تو تب بھی سندھ کا دورہ کریں اور صوبے کے ہر ضلع میں جائیں اور رات وہاں گزاریں۔انہوں نے کہا کہ اچھی چیز تو یہ ہے کہ عوامی لیڈر عوام میں آئے جیسے بلاول بھٹو ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا مطالبہ بار کونسلز کا ہے ہم تو صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں