لاہور(عکس آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی، برطانوی اہلکاروں نے نواز شریف سے ایک مجرم کی حیثیت سے ملاقات کی،برطانوی اہلکاروں نے نواز شریف کو وطن واپسی کا کہا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا اسلام دشمن طاقتیں اور بھارت نے آج تک پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو ایک سازش کے تحت بھارت کا وزیراعظم بنایا گیا، نواز شریف مودی قصائی کی سازش کو نہیں سمجھ سکے، بھارت میں آر ایس ایس کے غنڈے مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ عورت مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی کو آزادی اظہار کے نام نہاد نعرے لگانے کی اجازت نہیں دے گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بلاول زرداری بچے اور من کے کچے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ عدالت نے کیا، حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ برطانوی اہلکاروں نے نواز شریف سے ایک مجرم کی حیثیت سے ملاقات کی، برطانوی اہلکاروں نے نواز شریف کو وطن واپس جانے کا کہا ہے۔