پاکستان ٹیم

برسبین ٹیسٹ، پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بناکر آؤٹ

برسبین (عکس آن لائن) پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان اظہر علی اور شان مسعود نے ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کینگروز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، پاکستان ٹیم کے پہلے پانچ کھلاڑی 94 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اسد شفیق 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے، بابر اعظم اور حارث سہیل کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 1,1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلوی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث 6 پاکستانی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔

آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے چار، پیٹ کمنز نے تین اور جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جمعرات کو برسبین کے گابا سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ شروع ہوا تو پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین کیپس کی جانب سے کپتان اظہر علی اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کینگروز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، پاکستان ٹیم کے پہلے پانچ کھلاڑی 94 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

شان مسعود 27 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، انکے فوراً بعد کپتان اظہر علی 39 رنز بناکر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، حارث سہیل 1 رن بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، افتخار احمد 7 رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر آؤٹ ہوئے ، اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز تھا، ایک اینڈ پر اسد شفیق نے محتاط بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، محمد رضوان پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 37 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، یاسر شاہ 26 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند کا نشانہ بنے، شاہین آفریدی پاکستان کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے مچل سٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر اسد شفیق کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 76 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے نسیم شاہ 7 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوگئے،

وہ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔ عمران خان 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستان ٹیم 240 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے چار، پیٹ کمنز نے تین اور جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں