پرویز حنیف

برآمدی آرڈر کی تھرڈ پارٹی ڈیلیوری ، کریڈٹ کے مسائل شدید ہو رہے ہیں’ چیئر پرسن سی ٹی آئی

لاہور(عکس آن لائن) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہاہے کہ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھائو سے ملک کی برآمدات بری طرح متاثر ہوتی ہیں ،حکومتی دعوئوںکے برعکس آج بھی ادارے برآمدات میںآسانیاں پیدا کرنے کی بجائے مشکلات کا سبب ہیں ،ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات تکنیکی اعتبار سے مختلف ہیں اور اداروںکی جانب سے حقائق سے آگاہی حاصل نہ کرنے کی وجہ سے برآمدی آرڈر کی تھرڈ پارٹی ڈیلیوری اور کریڈٹ کے مسائل شدید ہو رہے ہیں۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں پرویز حنیف نے کہاکہ اسٹیٹ بینک، ایف بی آر سمیت دیگر اداروں کوچاہیے کہ برآمدی شعبوں کے مسائل کوسمجھنے کے لئے ایسوسی ایشنز کی سطح پر ملاقاتوںکااہتمام کیاجائے۔ہاتھ سے بنے قالینوںکی برآمدات کیلئے ہمیں آرڈر کے ساتھ قانونی راستے سے پیشگی زر مبادلہ بھی بھجوایا جاتاہے لیکن جب غیر کمپنی ہمیں برآمدی آرڈر کی کسی تھرڈ پارٹی کو ترسیل کا کہتی ہے تو ہمارے ادارے اس میں رکاوٹ ڈالتے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان ، مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ، مشیرتجارت عبد الرزاق دائود اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر سے درخواست ہے کہ ہمارے تکنیکی مسائل کو سن کر اور سمجھ کر کیاجائے تاکہ پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت روایتی حریف بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مقابلے کی دوڑ میں شامل رہے ۔ہاتھ سے بنے قالین دنیا بھر میں پاکستان کی منفرد پہچان ہیںجسے بر قرار رکھنے کے لئے حکومت کی سرپرستی ناگزیرہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں