ترکی

بحیرہ روم تنازعہ،یورپی یونین کامن سینس کا استعمال کرے، ترکی

انقرہ (عکس آن لائن)ترکی نے یورپی یونین سے اپیل کی ہے کہ وہ مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی گیس کی تلاش کی وجہ سے پیدا ہونے والے علاقائی تنازعے کو ختم کرنے کے لیے کامن سینس کا استعمال کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش غلو نے ہنگری کے اپنے ہم منصب کے ساتھ انقرہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی مکمل رکن کے طورپر یورپی یونین میں شامل ہونا چاہتا ہے اور کشیدگی کے لیے انقرہ کو مورد الزام ٹھہرانے کے حوالے سے یورپی یونین کے بیانات غلط ہیں۔ترک وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی کی جانب سے سفارتی کوششوں کے باوجود یورپی یونین کے رکن ملک یونان نے ‘اشتعال انگیز اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

چاوس غلو نے کہا انہیں سمجھداری اور ایمانداری سے کام لینا چاہیے۔ اگر وہ حکمت اور عقل سلیم کے ساتھ غور کریں گے، صرف چوٹی کانفرنس میں ہی نہیں بلکہ ہمیشہ، تو ہم ایک مثبت ماحول پیدا کرسکتے ہیں اور ہم اپنے تعلقات کو بہتر کرسکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے مسائل صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعہ ہی حل کرسکتے ہیں۔ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ ہم ایسا صرف اس لیے نہیں کہہ رہے ہیں کہ چوٹی کانفرنس ہونے والی ہے یا اس لیے کہ کانفرنس کے ایجنڈے پر پابندیاں اور دیگر امور ہیں۔ ہم مکمل رکنیت کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو ہمیشہ بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں