یونس خان

بابراعظم اور کوہلی کا موازنہ غیرمنصفانہ اور قبل ازوقت ہے: یونس خان

لاہور(عکس آن لائن )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم کا بھارتی قائد ویرات کوہلی سے موازنہ غیر منصفانہ قرار دے دیا ۔42 سالہ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کو انٹر نیشنل کرکٹ کھیلتے ہوئے 12 سال ہو چکے ،اس دورران وہ 70 انٹر نیشنل سنچریاں بھی سکور کرچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ویرات کوہلی نے صرف 30 سال کی عمر میں ہر کنڈیشنز کا سامنا کیا جس میں ان کی بہت زیادہ محنت شامل ہے تاہم بابر اعظم کا ابھی سے ویرات کوہلی سے موازنہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔دونوں کا اس وقت موزانہ کیا جائے جب بابر اعظم بھی اتنے ہی عرصے تک کرکٹ کھیلیں اور اسی عمر میں ہوں جس میں ویرات کوہلی ابھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھے ہوئے صرف 5سال ہوئے ہیں اور ان کا کیریئر تعمیر کے مراحلے میں ہے ۔ٹیسٹ اور ون ڈے میں اس کی اوسط قابل رشک ہے ، وہ 16 سنچریاں سکور کر چکے ہیں تاہم اس مقام پر نہیں پہنچے جس پر ویرات کوہلی موجودہیں۔

5سالہ کیریئر میں بابر اعظم میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جن کی جھلک ویرات کوہلی میں دیکھنے کو مل رہی ہے تاہم اس وقت دونوں کے موازنے سے فائدے کی جگہ نقصان ہوگا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی وہ بہتری کی جانب گامزن ہیں لیکن ویرات کوہلی تک پہنچنے کیلئے انہیں ابھی وقت درکار ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں