وزیراعظم

ای سی او اجلاس،وزیراعظم کا غزہ میں جاری جنگ فوری بند کرنے کا مطالبہ

تاشقند(عکس آن لائن)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، غزہ میں جاری جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے، ای سی او ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی کونسل قائم کر رکھی ہے،

پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،تاشقند میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ای سی او کی 16ویں سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے اعزاز ہے، پاکستانی وفد کا والہانہ استقبال کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم خطے کی ترقی کیلئے اہم فورم ہے،

خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے، ای سی او ممبر ممالک معدنی وسائل سے مالا مال ہیں، ای سی او ممالک کے درمیان تجارتی راہداریاں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ای سی او ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی کونسل قائم کر رکھی ہے،

پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان ای سی او کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے،نگران وزیراعظم نے اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور غزہ میں جاری جنگ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او ممالک اس کیلئے کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں