چینی سفیر

ایک چین کے اصول پرپاکستان کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، چینی سفیر

اسلام آ باد (عکس آن لائن) چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ایک چین کے اصول پر پاکستان کی بھرپور حمایت کو سراہا ہے اور پاکستان کی خودمختاری کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیاہے ۔بدھ کے روز پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر سی جی ٹی این اردو کی جانب سے پاک-چائنہ فرینڈشپ سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کے امریکہ کی جانب سے تائیوان کے معاملات میں مداخلت ایک چین کے اصول اور تین چین -امریکہ مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کے حال ہی میں پاکستان سمیت بہت سے ممالک کے رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ذمہ دار افراد نے ایک چین کے اصول پر قائم رہنے کے لیے اپنی آواز بلند کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک چین کے اصول کی پاسداری عوامی امنگوں کے مطابق ہے اور اس پر عالمی برادری کا اتفاق ہے ۔ انہوں نے کہا کے ہنگامہ خیز بین الاقوامی حالات اور مسلسل زوال پذیر عالمی معیشت کے پس منظر میں ہم چینی جدیدیت کی نئی کامیابیوں کے ساتھ عالمی ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ ہمارے قائدین کی رہنمائی میں چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 73 سال کے دوران پاک-چین سدا بہار دوستی تیزی سے عملی تعاون میں تبدیل ہو گئی ہے جس نے مشترکہ مستقبل کے اہداف کے تعین کے لئے بہترین حوصلہ افزائی فراہم کی ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کی طرف سے طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، پاک-چین اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو ایک نئی سطح پر فروغ دینے اور دونوں ممالک کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مزید فروغ دینے، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو ، گلوبل سیکورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو پر عمل درآمد کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
جیانگ زیڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر چائنا میڈیا گروپ کی ڈائریکٹر ڈو جیاننگ (تبسم)کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے ایسی مزید تقریبات کا انعقاد کیا جانا چاہیے۔
چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک کی تقدیریں جڑی ہوئی ہیں اور دوستی ان کے دلوں میں بسی ہے۔
نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادتوں نے اس سدا بہار دوستی کو خوب پروان چڑھایا ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔
خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن داؤد بٹ نے اس موقع پر کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ساتھ پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں ۔
حسن داؤد بٹ نے کہا کہ پاکستان اپنے اہم سٹریٹجک محل وقوع اور چین کے ساتھ قربت کی وجہ سے ترقی کے بیش بہا مواقع حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے آغاز کے بعد پاکستان کی چین کو برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کو 8000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے میں مدد فراہم کی جس سے توانائی کے بحران سے نکلنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کے ساتھ تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبے میں بھی تعاون بڑھ رہا ہے اور پاکستان چین کی جامع ترقی سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک ہے۔

پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 73ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر شائقین کے لیے چینی گانے پر ڈانس پرفارمنس، پاکستانی علاقائی زبانوں پر پرفارمنس اور معروف گلوکارہ رضوانہ خان کی لائیو پرفارمنس جیسی تفریحی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ سامعین نے خاص طور پر مشہور پاکستانی گلوکار ساحر علی بگا کی لائیو پرفارمنس کو بے حد سراہا ۔
چائنا میڈیا گروپ کی ڈائریکٹر ڈو جیاننگ نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام معزز مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اس طرح کی مزید تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔