سعد رفیق

ایک پاگل پاکستان کے پلے پڑ گیا،کبھی استعفے ، کبھی اسمبلی آنے کی باتیں کرتے ہیں ‘سعد رفیق

لاہور ( عکس آن لائن) وفاقی وزیر ریلویز و رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسمبلیوں کو تماشہ بنایا ہوا ہے،کبھی استعفیٰ تو کبھی اسمبلی آنے کی بات کرتے ہیں،اسمبلیاں توڑنے کا کوئی جواز نہیں تھا، پرویز الٰہی اور محمود خان نے اسمبلیاں توڑنے کی کوئی آئینی وجہ بیان نہیں کی، اسمبلیاں توڑ کر اختیارات کا بے جا اور ناجائز استعمال کیا گیا ہے۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بطور سیاسی رہنما یا کارکن پنجاب اور کے پی میں الیکشن کے حق میں نہیں ہوں۔خیبرپختونخوا اور پنجاب کی اسمبلی بغیر کسی وجہ اور غیر جمہوری طریقے سے تحلیل کی گئیں، اب تک اس اقدام کو چیلنج کر دیا جانا چاہیے تھا، یہ غیرقانونی کام ہوا ہے۔اگر دو اسمبلیوں کے الیکشن کروا دیئے گئے تو ملک میں خرابی ہو گی،الیکشن کروا کر دیکھا تھا 1970 میں کیا ہوا، سب کو اپنی پڑی ہوئی ہے پہلے ملک کو تو بچا لو، الیکشن ہو تو شفاف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کب ہوں گے یہ تو الیکشن کمیشن ہی بتا سکتا ہے، عمران خان کی مقبولیت کراچی میں فارغ ہو چکی ہے، الیکشن کے لئے سب کو ایک پیج پر آنا چاہیے، الیکشن کروا دینا اور الیکشن الیکشن کھیلنا یہ تو مسئلے کا حل نہیں ہے، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور آئی ایم ایف کو پاکستان میں پھر بلانا پڑگیا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفے دیئے تو اس وقت کونسی چیز کاٹ گئی تھی جو اس وقت استعفے دیئے گئے، انہوں نے اسمبلیوں کو تماشہ بنایا ہوا ہے، انہیں اسمبلیوں میں الیکشن لڑنے کا حق حاصل نہیں، پہلے منتخب ہوتے ہو یا “چنتخب” ہوتے ہو پھر استعفیٰ دے دیتے ہو، پھر کہتے ہو اسمبلیاں توڑیں گے، یہ پاگل آدمی پاکستان کے پلے پڑگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو سہولت کار عمران خان کو لے کر آئے ان کو بھی اللہ سزا دے گا، انہوں نے ملک کا حال خراب کر دیا ہے، ذمے ہمارے پڑگیا ہے، 4 سال یہ اور اس کے سہولت کار گند ڈالتے رہے، روز نئے تجربات کرتے تھے جس دن نوازشریف کو نکالا گیا اس دن سے تماشا شروع ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں