اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیر انسانی کرفیو پر آزاد کشمیر کے شہریوں کا غصہ سمجھتا ہوں، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر بھارت ایل او سی کے پار حملہ کر سکتا ہے، ایل او سی پار کرنا بھارتی بیانیے کے ہاتھوں کھیلنے کے مترادف ہو گا۔
ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے غیر انسانی کرفیو پر آزاد کشمیر کے شہریوں کا غصہ سمجھتا ہوں۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ کشمیری جدوجہد کی حمایت یا انسانی امداد دینے کے لیے ایل او سی پار کرنا بھارتی بیانیے کے ہاتھوں کھیلنے کے مترادف ہو گا، بھارتی بیانیہ کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو اسلامی دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی بیانیہ یہ ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد کی آڑ میں دہشت گردی کرا رہا ہے اور ایل اوسی کی خلاف ورزی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بڑھانے کا بہانہ فراہم کرے گی۔عمران خان کا کہنا ہے کہ ایل اوسی کی خلاف ورزی کو بہانہ بنا کر بھارت ایل او سی کے پار حملہ کر سکتا ہے۔