اشرف بھٹی

ایف بی آر کیساتھ مذاکرات میں طے پانے والے نکات پر عملدرآمد ہوگا‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ایک طرف حکومت معاشی حالات میں بہتری کے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہے اور دوسری جانب عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مہنگائی کے بم برسائے جارہے ہیں ،ایف بی آر کے ساتھ مذاکرات میں جونکات طے پائے ہیں ان پر عملدرآمد کریں گے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے کیونکہ اس کی وجہ سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے ، پالیسی ریٹ میں کمی کی جائے تاکہ مقامی سطح پر سرمایہ کاری میں اضافہ ہو اور اس سے بیروزگاری کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت اور اس کی معاشی ٹیم ہر روز معیشت کے پھلنے پھولنے کے دعوے کرتی ہے لیکن ابھی تک اس کے عوام کی زندگیوں پر کسی طرح کے اثرات سامنے نہیں آئے ۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عوام کیلئے روز مرہ کے اخراجات پورا کرنا محال ہو گیا ہے ۔ حکومت قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے تاکہ عوام کو ریلیف میسر آ سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے ساتھ مذاکرات میں جو نکات طے پائے ہیں ان پر عملدرآمد کیا جائے گا اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے مطالبات پر بھی من و عن عمل ہو گا جس سے خوف و ہراس کی فضا کا خاتمہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں