ریونیو کی وصولی

ایف بی آر نے رواں مالی سال میں کے دوران 3534 ارب روپے کے ٹیکس محصولات اکٹھے کئے

اسلام آباد (عکس آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال میں جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران 3534 ارب روپے کے ٹیکس محصولات اکٹھے کئے ہیں۔ دوران سال ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کا نظر ثانی شدہ ہدف 3908 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے غیر حتمی اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا حجم 3534 ارب روپے ہے۔ اس طرح مالی سال کے آخری ماہ جون کے دوران ادارہ کو 374 ارب روپے ٹیکس وصول کرنا ہوں گے تاکہ نظر ثانی شدہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔

ایف بی آر کے حکام نے کہا ہے کہ مئی 2020ء کے دوران 227 ارب روپے کی وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ مئی 2019ء کے دوران 330 ارب روپے ٹیکسز کی مد میں وصول کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے ہدف کی تکمیل کے لئے جون میں 374 ارب روپے کے ٹیکسز وصول کرنا ہوں گے۔ واضح رہے کہ جون 2019ء میں ایف بی آر نے 518.357 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپریل 2020ء کے دوران ایف بی آر نے 15.119 ارب روپے کے ریفنڈز کئے ہیں جبکہ اپریل 2019ء کے دوران 6.661 ارب روپے کے ریفنڈز ادا کئے گئے تھے۔

اس طرح اپریل 2019ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران 8.458 ارب روپے کے زائد ریفنڈ ادا کئے گئے ہیں۔ اعداد وشمار کے مابق رواں مالی سال میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران ریفنڈز کی مد میں 116.961 ارب روپے ادا کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 65.150 ارب روپے کے ریفنڈز ادا کئے گئے تھے۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران ایف بی آر نے 51.811 ارب روپے کے زیادہ ریفنڈز کی ادائیگی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں