یوکرین

ایرانی ساختہ ڈرون سے کئے گئے روسی حملہ کو پسپا کر دیا، یوکرین

کیف(عکس آن لا ئن)یوکرین کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بھاری روسی بمباری کے بعد کیئف سمیت ملک کے مختلف علاقوں پر ایرانی ساختہ ڈرون کے ساتھ کئے گئے روسی حملے کو پسپا کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق29 اور 30 دسمبر کی درمیانی شب سوشل میڈیا پر پوسٹ بیان میں یوکرینی فضائیہ نے بتایا دشمن نے یوکرین پر ایرانی ساختہ خودکش ڈرون سے حملہ کیا۔ ملک کے جنوب مشرق سے شمال کی طرف کل 16 ڈرونز لانچ کیے گئے۔ سب کو ہماری فضائیہ نے تباہ کر دیا۔یوکرین کے دارالحکومت کیف کے حکام نے مقامی وقت کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 2 بج کر 12 منٹ پر ایک انتباہ جاری کیا جو دو گھنٹے سے زیادہ جاری رہا۔

بعد میں میئر وٹالی کلِٹسکو نے اعلان کیا کہ کیف پر سات ڈرونز سے حملہ کیا گیا، دو دارالحکومت کے قریب پہنچتے ہی تباہ ہو گئے اور باقی پانچ شہر کے اوپر آ کر تباہی کا نشانہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن گرنے والے ملبے سے کیف کے جنوب مغربی ضلع میں دو عمارتوں کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں