میلبرن (عکس آن لائن)پاکستانی کرکٹر حسن علی نے کہا ہے کہ اگر ہم ایم سی جی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو 250 رنز تک آؤٹ کردیں تو ہمارے جیتنے کے مواقع بڑھ جائیں گے۔
ایم سی جی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ یہ بولنگ کے حساب سے ایک اچھا دن تھا، ہم زیادہ وکٹس تو نہیں لے سکے لیکن یہ بہترین بات ہے کہ ہم نے انہیں زیادہ رنز نہیں بنانے دیے، مجھے لگتا ہے کہ ہم ان سے آگے ہیں، ہم کھیل کے لیے پر امید ہیں اور انہیں کم سے کم رنز پر آؤٹ کردیں گے۔
حسن علی نے بتایا کہ کھانے کے وقفے کے بعد ہم نے کھیل سے متعلق گفتگو کی اور اس کے بعد ہم نے کافی اچھا کھیل پیش کیا، میرا خیال ہے ہم نے آسٹریلیا کو اس سیشن میں 22،23 رنز ہی بنانے دیے، ریکارڈ کہتے ہیں کہ اگر آپ پہلے بولنگ کریں گے تو جیتنے کا چانس بڑھ جاتا ہے تو اسی لیے ہم نے ایک یونٹ کے طور پر فیصلہ کیا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچ تھوڑی سی پیچیدہ تھی ، پاکستانی بولرز کی رفتار کے حوالے سے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ہمارا فوکس رفتار پر نہیں ہے، میں نے کبھی 150 پر بولنگ نہیں کی، اگر کسی کی پیس کم ہونے کی افواہیں ہیں تو مجھے یہ معلوم نہیں، ہمیں ان افواہوں کی پرواہ نہیں ہے، ہمارا دھیان کھیل پر ہونا چاہیے اور ہم نے بولنگ یونٹ کے طور پر اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔
حسن علی نے کہا کہ ابھی ہم ان سے اوپر ہیں کیونکہ ہم نے انہیں زیادہ رنز نہیں بنانے دیے، ہماری کوشش ہے کہ 250 کے اندر ہم ان کو آؤٹ کردیں تو ہمارے جیتنے کے مواقع بڑھ جائیں گے، ایسی کنڈیشن تھی اسی وجہ سے بال نے لمبے ٹائم تک سوئنگ کیا اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں ایسی کنڈیشن ملی۔