اوکاڑہ(عکس آن لائن) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ اگر کورونا ایس او پیز کے تحت حج ہوا تو ہم تیار ہیں،مولانا فضل الرحمن ہر معاملے کو سیاسی ،متنازع بناتے ہیں، این آراو کے علاوہ ہر مفاہمت کیلئے تیار ہیں،عبد القوی مفتی کے عوامی اعزاز سے محروم ہو چکے ہیں۔اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ حج کے معاملے پر سعودی حکومت سے رابطے میں ہیں اور ان کی طرف سے انتظار کا کہا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے حج سے متعلق اب تک کسی حکومت کے ساتھ ایم او یو سائن نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ حج کورونا ایس او پیزکے تحت ہوا تو تیار ہیں ،حجاج کرام کی ویکسی نیشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ہر معاملے کو سیاسی اور متنازع بناتے ہیں، مدارس سے متعلق فیصلہ 40 سال سے التوا کا شکار تھا، قواعد ضوابط پرپورا اترنے والے مدارس کو ڈگری مل جائیگی جب کہ فیصلہ مدارس اور حکومت کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آراو کے علاوہ ہر مفاہمت کے لیے تیار ہیں۔ایک سوال پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ مفتی نہ سرکاری خطاب ہے نہ سرکار دیتی ہے، عبد القوی مفتی کے عوامی اعزاز سے محروم ہو چکے ہیں۔
