علی ظفر

اگر عوام کو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ پسند نہ آئے تو بھائی حاضر ہے، علی ظفر

کراچی (عکس آن لائن)عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے ریلیز کیے گئے آفیشل ترانے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔علی ظفر نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آفیشل ترانے پر تنقید کرنے والے موسیقی کے مداحوں کو تمام فنکاروں کے کام کی حوصلہ افزائی کرنے کا پیغام دیا ہے۔گلوکار کی سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں اس بات پر زور دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ ایونٹ کا آفیشل ترانہ ابھی ریلیز ہوا ہے ابھی اسے تھوڑا وقت دیں انشااللہ آپ سب کو پسند آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں عاصم اظہر ، شئے گِل اور فارس شفیع، ان تینوں کا ہی مداح ہوں یہ جو بھی کام کرتے ہیں اچھا ہی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں تو آپ لوگوں کو انٹرٹین کرنے کیلئے تاروں پر لٹک کر اپنی جان کی بازی بھی لگادوں، ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک برانڈ ہے اب ہوتا یہ ہے کہ برانڈ کی جو نئی انتظامیہ آتی ہے اس میں مارکیٹنگ کے جو لوگ موجود ہوتے ہیں انہیں اپنی سمجھ کے حساب سے جو چیز اچھی لگتی ہے وہ اس طرح کام کرتے ہیں اور میں اس بات کا احترام کرتا ہوں۔علی ظفر نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ لیکن اگر آفیشل ترانہ عوام کو اچھا نہ لگے تو ان کے لیے بھائی ہمیشہ حاضر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں