احسن اقبال

اپوزیشن کی مخالفت سے ساڑھے تین سو ارب کا ٹیکس واپس لیا ، احسن اقبال

اسلام آباد (عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کی مخالفت سے ساڑھے تین سو ارب کا ٹیکس واپس لیا ،حکومتی اتحاد کے اکثریت نمبرز ہیں، اپوزیشن کے سو فیصد ووٹ بھی بجٹ کو ناکام نہیں کرسکتے تھے،حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے کررکھی ہیں۔ بجٹ پاس ہونے کے بعد بجلی‘ گیس‘ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے جھٹکے آئیں گے ، یہ حکومت سارا سال بجلی‘ تیل‘ گیس کے جھٹکوں کے ساتھ مہنگائی کے تحفے دے گی،پی ٹی آئی والے آج بھی رونا رو رہے ہیں مان لیں حکومت چلانا آپ کے بس کی بات نہیں،ہم تماشائی نہیں بنیں گے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،

پی ڈی ایم چار جولائی کو سوات سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کررہی ہے، حکومت سیالکوٹ ضمنی انتخاب بھی ہارے گی ،ہر الیکشن میں پی ٹی آئی سے عوام غربت‘ مہنگائی اور بے روزگاری کا بدلہ لے گی۔ بدھ کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارکوئی حکومت اتنے یوٹرن لینے پر مجبور ہوئی، اپوزیشن کی مخالفت سے ساڑھے تین سو ارب کا ٹیکس واپس لیا گیا،حکمران اتحاد کی قومی اسمبلی میں 178نشستیں ہیں اپوزیشن کی نشستیں 163 ہیں۔ اپوزیشن کے سو فیصد ووٹ بھی بجٹ کو ناکام نہیں کرسکتے۔ فلور کراسنگ کا قانون موجود ہے کوئی حکومتی اتحاد کا رکن اپوزیشن کے ساتھ ووٹ نہیں کرسکتا اس کو سمجھا جائے۔ بجٹ پاس ہونے کے انحصار حکومت کے اکثریتی نمبر پر ہوتا ہے اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کرے۔

مسلم لیگ (ن) کی تقاریر اور بجٹ مخالفت کی وجہ سے بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ تین سو پچاس ارب کے ٹیکس واپس لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے کررکھی ہیں۔ بجٹ پاس ہونے کے بعد بجلی‘ گیس‘ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے جھٹکے آئیں گے۔ بجٹ پیش ہونے کے بعد ہی پیٹرول کی قیمت میں سو دو روپے اضافے کا جھٹکا لگایا اب چھ روپے کے جھٹکے کی تیاری کی جارہی ہے اس پر عمران خان ترس کھاتے ہوئے صرف تین یا چار روپے اضافے کا جھٹکا لگائیں گے۔ مہنگائی کی بڑی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہے یہ حکومت سارا سال بجلی‘ تیل‘ گیس کے جھٹکوں کے ساتھ مہنگائی کے تحفے دے گی۔ قوم مزید بے روزگاری اور مہنگائی کا شکار ہوگی اس حکومت نے تمام ادارے تباہ کئے اب ہائیر ایجوکیشن کو بھی تباہ کردیا ہے۔ حکومتی کرپشن روکنے کی وجہ سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کو برطرف کیا گیا۔ حکومت نے تمام منصوبوں کو سفید ہاتھی بنا دیا ہے۔ جب پوچھیں تو کہتے ہیں تباہی ورثے میں ملی ہے ہم تو تباہ شدہ ادارے ٹھیک کررہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے دور کی تباہ شدہ پی آئی اے کی پروازیں یورپ سمیت پوری دنیا میں جاتی تھیں۔ پی ٹی آئی دور کی اصلاح شدہ پی آئی اے کے لئے یورپ اور نارتھ امریکہ بند ہے۔ پی آئی اے کے پائلٹ صرف چین سے ویکسین لانے میں مصروف ہیں۔ پی آئی اے کے جہاز کارگو جہاز بن گئے ہیں۔ پی ٹی آئی والے آج بھی رونا رو رہے ہیں مان لیں حکومت چلانا آپ کے بس کی بات نہیں، کونسلر کا الیکشن نہ جیت سکنے والے کو وزیر اور مشیر بنایا ہوا ہے۔ ملک تباہ ہورہا ہے اور یہ سب تماشائی بنے ہوئے ہیں،ہم تماشائی نہیں بنیں گے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم چار جولائی کو سوات سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کررہی ہے۔ عوام کی طاقت کو اکٹھا کریں گے اپنے آپ کو سب سے بڑی جماعت کہنے والوں کو آئینہ کہنا چاہئے یہ مسلسل دس ضمنی انتخابات ہار چکے ہیں۔ سیالکوٹ میں ایک اور ضمنی الیکشن ہاریں گے۔ ہر الیکشن میں پی ٹی آئی سے عوام غربت‘ مہنگائی اور بے روزگاری کا بدلہ لے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا بیان نہایت بچگانہ ہے بلاول بھٹو کو پتا تھا کہ شہباز شریف کے بہنوئی طارق شفیع کا انتقال ہوا ہے اسی وجہ سے شہباز شریف کو اسلام آباد سے لاہور جانا پڑا بلاول بھٹو زرداری کا عہدہ انہیں ایسے بیانات دینے کی اجازت نہیں دیتا

اپنا تبصرہ بھیجیں