اپوزیشن کی تحریک کے باوجود عمران خان کا کرپشن کیسز میں ریلیف کا اشارہ تک نہ دینا قوم سے کمٹمنٹ کا ثبوت ہے’ ہمایوں اختر

اسلام آباد( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا بطور اتحاد کوئی بیانیہ نہیں بلکہ نواز شریف اور مریم نواز نے پی ڈی ایم کو یر غمال بنایا ہوا ہے ،خود شہباز شریف کے بیانیے کااپنے بھائی اور بھتیجی کے بیانیے سے 180ڈگری کا فرق ہے ، اپوزیشن کی تحریک کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کیسز میں ریلیف یا رعایت دینے کا اشارہ تک نہیں دیا جو ان کی ملک و قوم کے ساتھ اٹل کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی سیاست بند گلی میں داخل ہوچکی ہے ، نواز شریف اور مریم نواز پی ڈی ایم کے کندھوں پر بیٹھ کر اپنے مستقبل کی سیاست کیلئے کوشاں ہیں لیکن انہیں کامیاب نہیںمل رہی ۔ یہ اتنے حواش باختہ ہو چکے ہیںکہ جان بوجھ کر تصادم کی سازش کر رہے ہیں لیکن حکومت ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ انہوںنے کہاکہ تیرہ دسمبر بھی گزر جائے گی اور اپوزیشن 2023ء تک ایسے ہی ہلکان ہوتی رہے گی ۔

وزیر اعظم عمران خان پر عزم ہیں کہ یہ جر مرضی کرلیں احتساب کے شکنجے کی گرفت نرم نہیں ہو گی اور حکومت احتساب کرنے والے اداروں کی راہ میں کوئی رکاوٹ یا ان پر کوئی دبائو نہیں ڈالے گی ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کامیابی سے معاشی اہداف حاصل کر رہی ہے اور انشا اللہ اس کے ثمرات عوام کی زندگیوں پر بھی پڑیں گے ۔ حکومت عوام کی محرومیوں اور دکھوں کامداوا کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں