عدم اعتماد

اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی،اپوزیشن ہماری فکر چھوڑ ے ،اپنے ایم این ایز کا سنبھالے جو ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، پرویز خٹک

نوشہرہ (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے صد ر اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی،اپوزیشن ہماری فکر چھوڑ ے ،اپنے ایم این ایز کا سنبھالے جو ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، ہما رے اتحادی ہمالیہ کی چٹان کی طرح ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ،کوئی مائی کا لعل ان کو ہلابھی نہیں سکتا، عدم اعتماد پران کو اپنی حقیقت کاپتہ چل جائیگا ،عمران خان کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،جہانگیر ترین عمران خان کے خلاف سوچ بھی نہیں سکتے، یقین سے کہتاہوں اپوزیشن کو شکست ہوگی۔وہ نوشہرہ پریس کلب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر افتخار علی ایڈووکیٹ اور ڈویژنل جنرل سیکرٹری پی ایل ایف میاں شجاعت شاہ اور انکے ساتھیوں کی شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر سلیم ایڈووکیٹ، محمد سعید خان،محمد فضیل اعوان،وحید گل ایڈووکیٹ،نیاز محمد خان ایڈووکیٹ،اور جبران ایڈووکیٹ سمیت درجنوں وکلاء اور سیاسی کارکنوں نے بھی شمولیت کا اعلان کیا جبکہ پریس کانفرنس میں ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک،تحصیل ناظم اسحاق خان خٹک، وحید الرحمان، ملک آفتاب، ڈسٹرکٹ بار کے صدارتی ایوب خٹک اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہاکہ ڈسٹرکٹ کورٹ کے وکلاء میرے اپنے وکلاء ہیں میں نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں دو مرحلوں میں ڈسٹرکٹ کورٹ نوشہرہ کی نئی جوڈیشل کمپلکس اور وکلاء چیمبر،بارروم کی تعمیر کیلئے 60 کروڑ روپے فراہم کئے اس طرح پشاور ہائی کورٹ کو بھی انکے ڈیمانڈ کے مطابق فنڈ فراہم کئے مجھ پر اعتراض بھی کیاگیا کہ نوشہرہ ڈسٹرکٹ کورٹ کو زیادہ فنڈ دیا تاہم میں نے ان باتوں کی پرواہ نہیں کی اپنی دور وزارت اعلیٰ کے دوران صوبہ خیبر پختونخواہ کی تمام سرکاری محکموں میں اصلاحات لائے اور صوبے کے تمام سرکاری اداروں کے نظام کو درست سمت پر ڈالے جس کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپنی 40سالہ سیاست میں صرف اور صرف ترقی ہی مقصد رہا ، انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر سے لیکر وزارت اعلیٰ تک اور وزارت اعلیٰ کی دور سے لیکر اب تک نہ صرف نوشہرہ بلکہ پورے صوبے کو ترقی کی راہ پر ڈالااور میگا پراجیکٹ پایہ تکمیل تک پہنچائیں پرویز خان خٹک کہا کہ ہماری سیاست کا محور دہی ترقی ہے اور اس میں میں 80 فیصدکامیاب ہو چکا ہوں کیوں کہ اس وقت ضلع نوشہرہ کے ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سال 2010کے تباہ کن سیلاب کی تباہ کاریوں کو مدنظر دیکھتے ہوئے اپنی دور وزارت اعلیٰ میںدریائے کابل پر بین الاقوامی معیار کا بند باندھ کر نوشہرہ اور دریائے کابل کے کنارے آباد دیگر اضلاع کے علاقوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ بنا دیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں