ہمایوں اختر خان

اپوزیشن وزیراعظم کے بغض میں مبتلا، بس چلے تو کوروناوائرس کو بھی ہمارے اوپر ڈال دے ‘ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد/کراچی ( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کی حکومت سے بغض میں اس قدرآگے جا چکی ہے کہ ان کا بس چلے تو کورونا وائرس کو بھی ہمارے اوپر ڈال دے ،تمام صوبوں کی نیشنل کوارڈی کمیٹی اور نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر میں نمائندگی ہے لیکن باہر آکر سندھ حکومت کے نمائندے اپنی الگ ہی کہانی بنا لیتے ہیں ، کورونا کی وجہ سے آگے بڑھتی معیشت کی راہ میں رکاوٹیں آئی ہیں لیکن وزیر اعظم اور ان کی ٹیم ہمت نہیں ہاری اور اس کی بحالی کیلئے پر عزم ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی اور وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطوں میں گفتگو کے دوران کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور اس کے تدارک کیلئے ہرگز غفلت نہیں برت رہی ، دنیا میں ہونے والی ریسرچ اور تجربات سے نہ صرف آگاہی حاصل کی جارہی ہے بلکہ تمام صوبوں کوبھی اس حوالے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ اور اس کیلئے مدد فراہم کررہے ہیں۔ سندھ حکومت کے نمائندے ٹی وی پربیٹھ کر الزامات کی بوچھاڑ کر دیتے ہیں ،ان سے سوال ہے کہ وہ یہ باتیں نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی اور نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں کیوں نہیںکرتے ؟ ۔

یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں بلکہ کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کا ہے اور اسی میں ہم سب کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں مبتلا ہے اور کچھ بعید نہیں کہ کوروناوائرس کو بھی ہمارے اوپر ڈال دے لیکن ان کا بس نہیں چلتا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کی معیشتیں مشکلات سے دوچار ہیں لیکن حکومت آنے والے حالات سے بے خبر نہیں بلکہ اس کیلئے پیشگی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور مختلف شعبوں کے لئے اربوں روپے کے پیکج اس کا عملی ثبوت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں