عثمان بزدار

اپوزیشن نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (نمائندہ عکس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے 5 روز میں 155 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقاتیں کیں، جبکہ ترین گروپ، علیم گروپ، ہم خیال گروپ کے پارلیمنٹیرینز نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔اس کے علاوہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملے اور خواتین ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور اقلیتی پارلیمنٹیرینز نے بھی ان سے ملاقاتیں کیں۔پارلیمنٹیرینز نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا اور ارکان پارلیمنٹ نے تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ارکان اسمبلی سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا، عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے، اپوزیشن سیاست سے خود مائنس ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو جو عزت دی، ماضی میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کی کال کو کوئی ذی شعور سپورٹ نہیں کرتا۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو 5 برس کا مینڈیٹ دیاہے، لانگ مارچ کرنے والوں کے غیر جمہوری عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں