کراچی (عکس آن لائن)پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سیدمصطفی کمال نے کہاہے کہ اپوزیشن اگر سنجیدہ ہے تو استعفیٰ دے، ایک گھنٹے میں حکومت ختم ہوجائے گی، جو کچھ ہورہا ہے وہ ملک کے لئے اچھا نہیں ہے۔
بدھ کواحتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا کہ ملک میں سب نظام آٹو پر چل رہا ہے، ملک کو چلانے والا کوئی نہیں ہے۔ اپوزیشن کے جلسوں میں موقف حقائق سے پردہ پوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بارہ سالوں سے حکومت میں ہے، جو کچھ یہاں ہورہا وہ پیپلز پارٹی ہی کررہی ہے۔
پیپلز پارٹی حکومت کے خلاف کیسے بات کرسکتی ہے۔ جلسہ میں تاثر دیا کہ کراچی میں کوئی مسائل نہیں۔ 8 نومبر کو باغ جناح میں جلسہ کررہے ہیں، بتانا چاہتے کہ کراچی کے مسائل کیا ہیں۔انہوں نے کہاکہ 1100 ارب کی بات کی، گیارہ روپے تک نہیں آئے، صرف لالی پوپ دیا جارہا ہے، پھر بارش ہوگی تو پھر سیاست ہوگی، اپوزیشن اگر سنجیدہ ہے تو استعفیٰ دے، ایک گھنٹے میں حکومت ختم ہوجائے گی۔ جو کچھ ہورہا ہے وہ ملک کے لئے اچھا نہیں۔پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے بعد مختلف باتیں سامنے آئیں۔
کیپٹن صفدر مہمان تھے، مجھے ان سے ہمدردی ہے۔ مزار قائد پر جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہئے تھا، اگر بدقسمتی سے ایسا ہوا بھی تو ایکشن جیسا ہوا وہ بھی غلط ہوا، اگر آئی جی سے زبردستی ایسا کروایا گیا تو افسوسناک ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ کیپٹن صفدر پنجاب کی بڑی شخصیت ہیں، ان کے لئے تو آئی جی صاحب نے مزاحمت کی۔
کیا عام آدمی کے لئے بھی ایسی مزاحمت کی گئی؟ کیا ایسا غلط کام پہلے نہیں ہوا؟ سب کچھ سلیکٹڈ ہورہا ہے۔ سندھ حکومت اور بلاول بھٹو نے جیسے رد عمل دیا اس سے لگتا ہے شہر میں ایسا پہلے بار ہوا ہو، جب تک عام آدمی کے لئے ایسا رویہ نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔