عثمان بزدار

اپوزیشن جماعتوں کے پاس انتشار کی سیاست کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ‘بزدار

لاہور (نمائندہ عکس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس صرف انتشار کی سیاست کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزراء محمد سبطین خان، ڈاکٹر محمد اختر ملک اور حافظ ممتاز احمد کی ملاقات ہوئی جس میں محکموں کی کارکردگی اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

اس کے علاوہ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔عثمان بزدار نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رہنماوں کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے، اپوزیشن کا طرز عمل انتہائی مایوس کن اورغیر ذمہ دارانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے منفی سیاست کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا، ہر ایشو پر پوائنٹ اسکورنگ ان کا شیوہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن والے صرف ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر دعوے کرسکتے ہیں، عوام کے مسترد شدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس صرف انتشار کی سیاست کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور متحد رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں