گورنر پنجاب

اپوزیشن ایک پیج پر نہیں، سب کے ہاتھوں میں اپنا اپنا صفحہ ہے ،گورنر پنجاب

لاہور(عکس آن لائن )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورسے نیپالی سفیر سیوا لامسال کی ملاقات۔ صوبائی محتسب برائے خواتین کے زیر اہتمام”خواتین کے لیے باعزت و محفوظ ورک پلیس”کانفر نس میں بھی گور نر پنجاب کی شر کت جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ22کروڑ پاکستانی تر ک صدر طیب اردگان کو بھر پور ویلکم کرتے ہیں یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی مزید مضبوطی اور پاکستانی معیشت کے حوالے سے بھی انتہائی اہم ہے ۔

اپوزیشن ایک پیج پر نہیں ان سب کے ہاتھوں میں اپنا اپنا پیج ہے ۔حکومتی مخالفین ملک وقوم نہیں صرف اپنا فائدہ سوچ رہے ہیں۔ ذاتی مفادات کی جنگ لڑ نیوالی اپوزیشن کی کہانی ختم ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیپالی سفیر سیوا لامسال کی جمعرات کے روز گور نر ہاؤس لاہور میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ہونیوالی ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات،خطے کی صورتحال،مسئلہ کشمیر اور دہشت گردی سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پنجاب سمیت پورے پاکستان میں مذہبی سیاحت کے لیے نیپالی سیاحوں کو بھی دعوت دیتے ہیں پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے بہت سے مقامات ہیں جو عالمی سیاحوں کے لیے کھول رہے ہیں پنجاب پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے لیے آنے والے نیپالی بچوں کو ہر ممکن سہولت دی جائیں گی بزنس بزنس کمیونٹی کے لیے بھی نیپال کے ساتھ ایکسچینج پروگرام شروع کریں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں۔

قبل ازیں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور صوبائی محتسب برائے خواتین کے زیر اہتمام کانفر نس میں بھی شر یک ہوئے جبکہ اس موقعہ پر خاتون صوبائی محتسب رخسانہ گیلانی،تحر یک انصاف کی ایم پی اے عظمی کاردار، وائس چانسلر لاہور کالج ویمن یونیورسٹی بشری مرزا ، صوبائی محتسب بلوچستان صابرہ اسلام،صوبائی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب عنبرین رضا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اسلام نے عورتوں کو جو حقوق دئیے وہ سلب نہیں کیے جا سکتے،خواتین سے متعلق فرسودہ رسومات کا مکمل خاتمہ کرنا ہو گا جسکے لیے تحریک انصاف کی حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہماری حکومت خواتین کو ہر شعبہ میں مضبوط و مستحکم بنا رہی ہے جبکہ میڈیا سے گفتگو کے دوران چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ایک ایک لفظ قومی امنگوں کی تر جمانی ہے ،:مافیا کے خلاف جنگ میں پوری قوم وزیر اعظم عمران خان کیساتھ ہے آج ملکی تاریخ میں پہلی بار تمام ادارے مکمل آزادی کیساتھ کام کررہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت دونہیں ایک پاکستان بنانے کے مشن پرگامزن ہے انشا اللہ ہم پاکستان کو قائدا وراقبال کا پاکستان بنائیں گے۔گورنر نے کہا کہ اپوزیشن ایک پیج پر نہیں ان سب کے ہاتھوں میں اپنا اپنا پیج ہے حکومتی مخالفین ملک وقوم نہیں صرف اپنا فائدہ سوچ رہے ہیں ذاتی مفادات کی جنگ لڑ نیوالی اپوزیشن کی کہانی ختم ہو رہی ہے احتساب کی بات پر نجانے کیوں اپوزیشن غصہ کر جاتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آئین وقانون کی حکمرانی اور شفاف احتساب سے حکومت پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں