ہمایوں اختر خان

اپوزیشن اپنے مفادات کی وجہ سے ایک دوسرے کےخلاف صف آراء،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ‘ ہمایوں اختر

اسلام آباد( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے اسحاق ڈار کی جانب سے ان کے دور کے معاشی ماڈل کو اپنانے کے مشورے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معیشت کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلنے والے (ن) لیگ کے نام نہاد کامیاب ماڈل کی ہرگز پیروی نہیں کرے گی ،اس وقت اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی وجہ سے ایک دوسرے کےخلاف صف آراءہیں اور حکومت کو کسی طرح کی کوئی فکر یا خطرہ لا حق نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی دفتر میں وسطی پنجاب کے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے ملاقات اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان حکومتی سطح پر شفافیت اور گڈ گورننس پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور اس کا نتیجہ ہے کہ ڈیڑھ سالہ میں حکومت کی سطح پر کرپشن کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں اس وقت تک کرپشن کی ہو شربا داستانیں زبان زد عام ہوتی تھیں ۔ ماضی کے برعکس آج قومی خزانہ محفوظ ہاتھوں میں ہے اور ٹیکسوں کاپیسہ ملک و قوم پر خرچ کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو خود مختار ادارہ ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ کسی حکومت نے اس کے کام میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی ، ماضی میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی مک مکا کر لیتے تھے لیکن آج چور راستے نہ ملنے کی وجہ سے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں،احتساب کےلئے جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے الرٹ ہے اور اس حوالے سے پیشگی اقدامات کئے گئے ہیں اور کوئی کوتاہی اور غفلت نہیں برتی جائے گی ۔ماسک کی ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تحریک چلانے والی نہیں بلکہ چوری کھانے والی جماعت ہے ،رانا ثنا اللہ تحریک چلانے کی تاریخیں دینے کی بجائے پہلے اپنی قیادت کو تو لندن سے وطن واپس لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں