ہمایوں اختر خان

اپوزیشن اس کڑے وقت میں دو قدم آگے بڑھ کر مایوسی پھیلانے میں ” بادشاہ ” بنی ہوئی ہے ‘ہمایوں اختر

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ اپوزیشن دو سال سے بلا تعطل مایوسی پھیلا رہی ہے لیکن اس کڑے وقت میں دو قدم آگے بڑھ کر مایوسی پھیلانے میں ” بادشاہ ” بنی ہوئی ہے ، آج حالات جنگ سے بھی بڑھ کر ہیں لیکن بد قسمتی سے اپوزیشن کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کی بجائے اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا کر بیٹھی ہوئی ہے ،

حکومت کورونا وائرس اور لاک ڈائون سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں درپیش اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے غیر روایتی حل تلاش کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف وسطی پنجاب کے رہنمائوں اور حلقہ این اے 131کے متحرک کارکنوں سے ٹیلیفونک رابطوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام با شعور ہیں اور وہ دیکھ رہے ہیں کہ اپوزیشن تجاویز کی آڑ میں بھی سیاست چمکانے اور پوائنٹ سکورننگ میں مصروف ہے اور وقت آنے پر ان کا ضرور محاسبہ کریں گے۔ اس وقت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتیں بطور اپوزیشن اپنی اپنی حیثیت منوانے کے چکر میں ںہیں اور حکومت پر بڑھ چڑھ کر تنقید کر رہی ہیں جو قابل مذمت ہے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت آنکھیں بند کر کے نہیں بلکہ زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے مشاورت سے فیصلے کر رہی ہے ۔ اگر اپوزیشن موجودہ حالات میں مثبت کردار نہیں کر سکتی تو کم از کم اپنی سیاست کے لئے حکومتی اقدامات میں کیڑے نکالنے سے گریز کرے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو جس طرح کی معیشت ملی وہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں لیکن وزیراعظم عمران خان نے دن رات کی کاوشوں سے اسے درست سمت میں گامزن کیا ۔ کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے معیشت ایک بار پھر شدید مشکلات سے دوچار ہے لیکن ہم مایوس نہیں اور اسے دوبارہ درست سمت میں ڈالنے کیلئے پر عزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں