فردوس عاشق اعوان

او آئی سی کو زیادتی کا شکار مسلمانوں کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہے،فردوس عاشق اعوان

جدہ(عکس آن لائن) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کو دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور موثر کردار ادا کرنا ہے،بابری مسجد کے فیصلے سے سیکولر بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوگیا، مظلوم کشمیریوں کے تحفظ کیلئے او آئی سی بھارت پر دبا بڑھائے۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئےفردوس عاشق اعوان نے کہا او آئی سی گولڈن جوبلی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعث اعزاز ہے۔

او آئی سی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کو اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی پیغام کے ساتھ دلی مبارکباد اور نیک تمناں کا اظہار کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا اسلامی سربراہ ممالک کا یہ فورم مسلم امہ کے رشتے کو مضبوط بنانے اور جوڑنے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔اسے دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے لیے مزید فعال اور موثر کردار ادا کرنا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا امہ کو درپیش مسائل اور اسلاموفوبیا جیسے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے یکساں موقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ناروے جیسے افسوسناک واقعات روکنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کی مقدس شخصیات اور کتب کے احترام کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے، ایسے واقعات کو جرم قرار دیا جائے اور مرتکب عناصر کو سزا ملنی چاہئے، مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس فورم سے کشمیریوں کے جمہوری بنیادی حق اور وادی میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے مزید آواز بلند کرنا ہو گی۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بھارت پر زور دیا جائے کہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں اور غیرانسانی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں