سمسٹر خزاں

اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2020کی مشقوں کا شیڈول جاری کردیا

اسلام آباد (عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جدید کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے طلبہ کو انکی دہلیز پر تعلیم دلانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے، اس ضمن میں یونیورسٹی نے تمام تعلیمی پروگراموں کی درسی کتب کی سافٹ کاپیز تیار کرکے اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرکے تمام متعلقہ طلباء کے لئے کتابوں کی فراہمی یقینی بنادی ہے۔ طلبہ اپنی کتابیں ویب سائٹ (www.aiou.edu.pk)پر کتابوں والی آپشن سے ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں۔وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے تدریسی امور کو مینول سے آٹومیشن پر منتقلی کو پہلی ترجیح رکھی ہے جس کا بنیادی مقصد طلبہ کو تیز رفتار بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا، تمام امور میں شفافیت اور تعلیمی معیار میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے طول و عرض میں موجود یونیورسٹی کے لاکھوں طلبہ کو ویب سائٹ پر کتب دستیاب کرانا یونیورسٹی کا ایک بڑا کارنامہ ہے اور اس اقدام سے طلبہ کی جانب سے کتب نہ ملنے کی شکایات کا خاتمہ ہوجائے گا۔علاوہ ازیں یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2020ءمیں پیش کئے گئے تعلیمی پروگرامز کی اسائنمنٹس جمع کرانے کا شیڈول جاری کردیا ہے۔شیڈول کے مطابق بی ایڈ ، بی ایس اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز کی پہلی مشق جمع کرانے کی تاریخ 21۔فروری جبکہ دوسری اسائنمنٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 18۔اپریل مقرر کی گئی ہے، اِسی طرح ایم اے/ایم ایس سی پروگرامز میں داخلہ طلبہ اپنی پہلی مشق 28۔فروری تک جبکہ دوسری مشق 25۔اپریل تک جمع کراسکتے ہیں۔ بی ایس ، بی بی اے، ایم اے، ایم ایس سی،بی ایڈ ،ایم ایڈاور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے طلبہ اپنی اسائنمنٹس ہاتھ سے لکھ کر یا ٹائپ کرکے بذریعہ ایل ایم ایس مقررہ تاریخوں تک جمع کروائیں گے۔میٹرک ، ایف اے،آئی کام، بی اے،بی کام اور ایسوسی ایٹ ڈگری کے طلبہ کو اپنی اسائنمنٹس ہاتھ سے لکھ کر بذریعہ ڈاک اپنے ٹیوٹرز کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طلبہ ٹیوٹر انفارمیشن حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹی کی ویب سائٹ (www.aiou.edu.pk)پر وزٹ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں