ایف اے پروگرام

اوپن یونیورسٹی ، ایف اے پروگرام کی ترسیل کتب آج سے شروع

اسلام آباد (عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹربہار2021ءکے ایف اے پروگرام میں داخل طلباءو طالبات کو کتب کی ترسیل کا عمل آج شروع کردیا ہے ، شعبہ میلنگ کے مطابق میٹرک پروگرام کے طلبہ کو ترسیل کتب کا عمل عید الفطر کی تعطیلات شروع ہونے سے قبل ہی مکمل کیا جاچکا تھا۔کتب لیٹ یا موصول نہ ہونے کی صورت میں طلبہ کو متعلقہ پوسٹ آفس یا یونیورسٹی کے قریب ترین ریجنل آفس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یونیورسٹی نے طلبہ کو اکیڈمک سپورٹ فراہم کرنے کے لئے اِن دونوں پروگرامز کی تدریسی کتب کی سافٹ کاپیز ویب سائٹ پر بھی فراہم کردی ہیں .

تاکہ طلبہ و طالبات اپنی ہوم اسائنمنٹس بروقت تیار کرسکیں۔واضح رہے کہ وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم یو نیورسٹی کے لاکھوں طلبہ کو انکی دہلیز پر تعلیم دلانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ، تدریسی امور کو مینول سے آٹومیشن پر منتقلی کا کام آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، اس اقدام کا بنیادی مقصد طلبہ کو تیز رفتار بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا، تمام امور میں شفافیت اور تعلیمی معیار میں اضافہ کرنا ہے۔ ملک کے طول و عرض میں موجود یونیورسٹی کے لاکھوں طلبہ کو ویب سائٹ پر کتب دستیاب کرانا یونیورسٹی کا ایک بڑا کارنامہ ہے اور اس اقدام سے طلبہ کی جانب سے کتب نہ ملنے کی شکایات کا خاتمہ ہوگیا ہے۔طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈاک کے ذریعے کتب موصول ہونے کا انتظار کئے بغیر آن لائن کتب سے استفادہ کریں اور ویب سائٹ سے کتب ڈاﺅن لوڈ کرکے اپنی امتحانی مشقوں اور فائنل امتحانات کی بروقت تیاری کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں