اورنج لائن منصوبے

اورنج لائن منصوبے میں شامل تمام زیر تکمیل کام 28 فروری تک مکمل کرلئے جائیںگے، ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید

لاہور(عکس آن لائن) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید نے ہدایت کی ہے کہ اورنج لائن منصوبے میں شامل سڑکوں کی مرمت و بحالی سمیت دیگر تمام زیر تکمیل کام 28 فروری تک ہر صورت میں مکمل کرلئے جائیں-ان کاموں سے متعلقہ محکمے اپنے ذمے باقی ماندہ کام جلد از جلد مکمل کریں تاکہ شہریوں کو دوران سفر کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔اس مقصد کے لئے ان محکموں کے درمیان کوآرڈینشین بہتر کی جائے-

مختلف کاموں کے کنٹریکٹرز اپنے اپنے پیکیج پر ابھی تک کئے جانے والے تعمیراتی کاموں پر نظر ثانی کریں اور باقی رہ جانے والے کام طے شدہ معیار کے مطابق بلا تاخیر مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔وہ میٹرو ٹرین منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا‘پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر حماد الحسن‘منیجر نیسپاک فرقان احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا آپریشن شروع ہونے سے پہلے اس منصوبے سے متعلقہ دیگر تمام کام بلاتاخیر مکمل کئے جائیں۔

واسا ٹرین کے سٹیشنوں پر واٹر سپلائی اور پورے روٹ پر ڈرینج کو یقینی بنائے۔لیسکو کی طر ف سے ٹرین چلانے کے لئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کے لئے پورے وولٹیج مہیا کئے جائیں۔پی ایچ اے،ہارٹی کلچر اور لینڈ سکیپنگ کا کام شروع کر ے تاکہ میٹروٹرین کے سٹرکچر کی خوبصورتی واضح ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں