انضمام الحق

انضمام الحق کا میچ فکسنگ میں سزا یافتہ سلیم ملک کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ

لاہور(عکس آن لائن)سابق قومی چیف سلیکٹر انضمام الحق نے میچ فکسنگ میں سزا یافتہ سلیم ملک کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیدیا۔ ایک انٹرویو میں 50سالہ سابق کپتان نے کہا کہ57سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین کا کیریئر بدقسمتی سے ناخوشگوار انداز میں ختم ہوا لیکن میرے خیال میں ان کو دوسرا موقع ملنا چاہیے، بھارت میں سابق کپتان اظہرالدین بھی اسی نوعیت کی صورتحال میں رہے لیکن اب حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سلیم ملک اپنے وقت کے بہترین بیٹسیمنوں میں شمار ہوتے تھے، وہ کرکٹ کا تجربہ اور گہری معلومات رکھتے ہیں، اگر نوجوانوں کی رہنمائی کیلیے ان کی خدمات حاصل کی جائیں تو پاکستان کرکٹ کا فائدہ ہوسکتا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلوی کرکٹرز شین وارن اور مارک وا کو1994 میں فکسنگ کی پیشکش کرنے کے الزام میں سلیم ملک پر انکوائری کے بعد 2000 میں تاحیات پابندی عائد کی گئی تھی،8 سال بعد لاہور کی ایک سول عدالت نے ان کی سزا ختم کردی لیکن کرکٹ کے دروازے تاحال ان پر بند ہیں۔

سلیم ملک نے 1982 سے 1999 کے دوران پاکستان کے لیے 103ٹیسٹ میچز میں 15 سنچریوں کی مدد سے 5768 اور 283 ون ڈے میچز میں 5 سنچریوں کی مدد سے 7170 رنز سکور کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں