انشاء اللہ اس حکومت کو دسمبر نہیں دیکھنے دینگے،مولانا فضل الرحمان کا دعویٰ

چارسدہ(عکس آن لائن)جمعیت علما اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیاہے کہ ہم اپنی تحریک کو آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے اور انشاء اللہ ان کو دسمبر نہیں دیکھنے دیں گے،

حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں،16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا،موجودہ حکمرانوں کے خلاف ہماراعلان بغاوت ہے، ہم سمندربردکریں گے،انوں کو لانے والے معافی مانگیں اوراداروں کومتنازعہ نہ بنایاجائے۔ بدھ کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں، تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا، پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے، انشاء اللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں، تحریک چل پڑی ہے اب منزل پر جاکر رکے گی اور اسے اسے آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے اسلاف نے اس ملک کی آزادی کیلئے قربانیاں دیں اورانگریز کے خلاف جدوجہد کی، ہم اسے راستے کے راہی ہیں اور وہی تحریک چلاتے ہوئے عالمی اسٹیبلشمنٹ سے پاکستان کونجات دلائیں گے، یہ 22 کروڑعوام کا ملک ہے جسے عالمی اسٹیبلشمنٹ کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے، ہماراحکمران اسی اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ اوردھاندلی کی پیداوار ہے اس کے خلاف ہماراعلان بغاوت ہے، ہم اسے سمندربردکریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پس پشت قوتیں بھی اپنے مستقبل کیلئے ان کی پشت سے ہٹ جائیں، حکمرانوں کو لانے والے معافی مانگیں اوراداروں کومتنازعہ نہ بنایاجائے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم ترنوالہ نہیں لوہے کے چنے ہیں، حکومت مخالف تحریک کااعلان ہوچکا ہے، پورے ملک میں جلسے ہوں گے اور یہ احتجاج حکومت کے خاتمے پررکے گا، حکمران دسمبر نہیں دیکھ پائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں