میاں طارق مصباح

امیدہے وزیر اعظم کا دورہ افغانستان دونوں ممالک کے مابین اہم سنگ میل اور خطے میں قیام امن کیلئے اہم اقدام ثابت ہو گا’ لاہورچیمبر

لاہور(عکس آن لائن)لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ افغانستان دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین اہم سنگ میل اور جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے اہم اقدام ثابت ہو گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ افغانستان یقینا خطے میں قیام امن کا عمل تیز اور دو طرفہ تجارت کے فروغ میں حائل موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنے میںمددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے افغان صدر اشرف غنی کو پاکستان آنے کی دعوت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ تجارتی تعلقات کی نئی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان مشترکہ ثقافت، تاریخ، اعتقادات، اقدار وروایات کے تحت ایک دوسرے سے وابستہ ہے، اب یہ تعلقات تجارت سے بھی ظاہر ہونے چاہئیںجس سے دونوں ممالک میں کروناوائرس کے بعد کے معاشی چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ لاہور چیمبر آف کا مرس کے عہدیداران نے دونوں ممالک کی جانب سے دونوں ممالک کے مابین اور خطے کی سطح پر امن کے استحکام کیلئے مشترکہ دستاویز شائع کرنے کے اقدام کو بھی نہایت خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دستاویز مذکورہ اہداف کے حصول میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں