اسلام آباد (نمائندہ عکس) پاکستان پیپلزپارٹٰی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کل دو روزہ دورے پر امریکہ روانہ ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 17 اور 18 مئی امریکہ کا دورہ کریں گے اور کل امریکہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ امریکہ کا دورہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی دعوت پر کر رہے ہیں، وزیر خارجہ 18 مئی کو عالمی تحفظ خوراک بین ا لوزراتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دورہ امریکہ کے دوران وزیر خارجہ امریکی ہم منصب سمیت متعدد امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ دورہ امریکہ کے دوران پاک امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے، افغانستان میں قیام امن اور پاکستان کی امداد کی بجائے تجارت پر بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نالائق وزیراعظم کو گھر بھیج دیا ہے، حکومت گرانے کی سازش وائٹ ہاو¿س نہیں، بلاول ہاو¿س نے کی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے جیالوں، شہید محترمہ بینظیربھٹو کے بھائیوں آپکو مبارک ہو، عوام کی جیت ہوچکی ہے، سندھ کی جیت ہوچکی ہے، پاکستان کی جیت ہوچکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ آئین اورقانون کی جیت ہے، جب پیپلزپارٹی آئین کو بچانے عوام کی خاطرنکلتی ہے توہمیشہ کام یاب ہوتی ہے۔