دبئی(عکس آن لائن ) امریکی نائب صدر کاملا ہیرس نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں اپنے فوجی مقاصد جاری رکھے تو بے گناہ فلسطینیوں کے تحفظ کا خیال رکھے۔
دبئی میں جاری کوپ 28 کانفرنس کے دوران پریس کانفرنس میں امریکی نائب صدر کاملا ہیرس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اپنے حق دفاع میں بین الاقوامی انسانی قانون کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں اپنے فوجی مقاصد جاری رکھتا ہے تو اسے بےگناہ فلسطینیوں کے تحفظ کا خیال رکھنا چاہیے۔ کاملا ہیرس کا مزید کہنا ہے کہ غزہ میں بہت زیادہ معصوم فلسطینی مارے گئے ہیں، اتنے بڑے پیمانے پر شہریوں کی تکالیف اور غزہ سے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز تباہ کن ہیں اور یہ سب واقعی دل دکھانے والی ہیں تاہم پریس کانفرنس کے دوران نائب امریکی صدر نے نا ہی 16ہزار فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کی اور نا ہی 10 ہزار بچوں اور خواتین کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا۔
واضح رہے غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی کے دوران عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد گزشتہ دو روز میں اسرائیلی فوج نے 400 سے زائد حملے کرکے 300 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔