واشنگٹن (عکس آن لائن ) امریکا کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی زبان پھر پھسل گئی اور وہ خود کو جوبائیڈن کہنے کے بجائے
جوبائیڈن کا شوہر کہہ بیٹھے۔77برس کے جوبائیڈن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے ذریعے ایک تقریب میں شرکت کی جسے نیشنل
ایجوکیشن اسوسی ایشن نے منعقد کیا تھا۔ تقریب کی میزبان نے بائیڈن کا تعارف کراتے ہوئے جوبائیڈن کی اہلیہ کا ذکر کی اور شرکاءکو
بتایا کہ جِل بائیڈن بھی اسی ایسوسی ایشن کی رکن رہی ہیں۔ بائیڈن اسکرین پر آئے تو اپنی بیوی کا نام لے کر یہ کہنے کی بجائے،
کہ وہ جل بائیڈن کے شوہر ہیں، یہ کہہ دیا کہ وہ جو بائیڈن کے شوہر ہیں، انہیں زبان پھسلنے کا احساس تک نہ ہوا اورغلطی درست نہ کی۔
اس سے قبل مارچ میں بھی بائیڈن کی زبان اس وقت پھسل گئی تھی جب وہ امریکا کے اعلان آزادی پربات کر رہے تھے۔
مئی میں ایک اور تقریب سے خطاب میں بھی وہ سچائی اور حقیقت کے معنوں میں تفریق نہ کرسکے تھے۔
جوبائیڈن کی انہی غلطیوں کی وجہ سے صدرٹرمپ انہیں نیند میں دھت شخص کہہ کر پکارتے رہے ہیں،
اور ری پبلکنز ان کے خلاف اشتہاربھی جاری کرچکے ہیں۔