عراقی وزیراعظم

امریکی سفارت خانے پر حملے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے،عراقی وزیراعظم

بغداد(عکس آن لائن)عراقی وزیر اعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف عادل عبدالمہدی نے بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ امریکی سفارت خانے پر حملوں کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عبد المہدی کا کہنا تھا کہ غیرملکی سفارت خانوں پر حملوں سے ریاست کمزور ہوتی ہے اوراس کی خود مختاری متاثر ہوتی ہے۔

کسی دوسرے ملک کے سفارت خانوں کو نشانہ بنانا سفارتی مشن کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔عراقی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امریکی سفارت خانے پر حملہ غیر ذمہ دارانہ ہیں اوران کے عراق کی سلامتی پر تباہ کن اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام سفارتی مشنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔عادل عبد المہدی کا کہنا تھا کہ تمام خیر خواہ اور ذمہ دار قوتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ یہ قوتیں حکومت کے ساتھ مل کر غیرملکی سفارت خانوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں تعاون کرتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مسلح افواج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی قسم کی تخربی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کریں اور حملے کرنے والوں کو گرفتار کریں تاکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں