ایران

امریکا عاید کردہ پابندیاں ہٹائے اور ان پر پچھتاوے کا اظہار کرے،ایران

واشنگٹن(عکس آن لائن )امریکا کو ایران کے خلاف پابندیاں عاید کرنے پر پچھتاوا ہونا چاہیے، وہ ان پابندیوں کو فی الفور ہٹائے اور اس کے خلاف برپاکردہ معاشی جنگ روک دے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوزف بائیڈن کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی ۔انھوں نے امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست سے دوچار کیا ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے عربی زبان میں نشریات پیش کرنے والے سرکاری ٹیلی ویژن نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے مطالبات کی ایک فہرست تیار کر لی ہے۔

نومنتخب صدر جوبائیڈن کوایران کے نقصانات کے ازالے کے لیے ان مطالبات کو پورا کرنا ہوگا۔انھوں نے اس فہرست کی مزید وضاحت تو نہیں کی لیکن ایرانی حکام حالیہ مہینوں کے دوران میں امریکا سے یہ مطالبہ کرچکے ہیں کہ وہ جوہری سمجھوتے سے یک طرفہ طور پر دستبردار ہونے کا ازالہ کرے،اس ڈیل سے دوبارہ نہ نکلنے کا پختہ عزم کرے اور ایران کے خلاف عاید کردہ تمام پابندیوں کو فی الفور ہٹائے۔

سعید خطیب زادہ کا انٹرویو میں مزید کہنا تھا کہ امریکا ایران سے کسی بھی ممکنہ بات چیت کے لیے پیشگی شرائط عاید کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے نتیجے میں ایران اربوں ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرچکا ہے۔امریکا کو اب ان نقصانات کا ازالہ کرنا ہوگا۔انھوں نے واضح کیا کہ ایران جو بائیڈن اور امریکا کے موجودہ ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان واضح اختلافات کو تسلیم کرتااور سمجھتا ہے لیکن اب ہم عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں