ساہیوال(نمائندہ عکس آن لائن) امامیہ آرگنا ئزیشن پاکستان ساہیوال ریجن کے زیر اہتمام 42ویں سالانہ سیر ت النبی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور دانشور حضرات نے شر کت کی ۔
حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا ثقلین عباس علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جناب سر ور کائنات کا اسوہ حسنہ ہمارے لئے بہترین مشعل راہ ہے ۔ہم اس پر عمل در آمد کر تے ہوئے نا صرف اپنی دنیا بلکہ آخرت کی کامیابی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔سر براہ متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان و ڈویژنل صدر اتحاد بین المسلمین علامہ سید ضیاء اﷲ شاہ بخاری نے اپنے خطاب میں نبی آخر الزمان کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے عالم اسلام کو آپس میں اتحاد و یگانگت پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ہم عالم اسلام کے دشمنان کو اس کے برے ارادوں کو پایہ تکمیل تک نہ پہنچنے دیں ۔
مولانا غلام رسول ربانی نے اپنے مو عظہ حسنہ میں کہا کہ رسول اعظم عرب کے ایک جاہل معا شرہ جس کے اندر عورت کی کوئی عزت نہ تھی کو عورت کی عزت کر نے کا ہنر سکھایا ۔اتحاد بین المسلمین کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری شیخ اعجاز احمد رضا نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جناب رسول خدا نے ہمیں خدائے واحد کی عبادت اور امت مسلمہ کے اتحاد کی تر ویج و تبلیغ فرمائی آج ہمیں یکجہتی و یگانگت کی اشد ضرورت ہے جبکہ دشمن ہمیں مختلف فر قوں میں تقسیم کر کے اپنا مقصد حاصل کر نا چا ہتا ہے جبکہ ہم کسی صورت اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
سید رضوان حیدر شیرازی زونل ناظم نے اسوہ حسنہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی شرعی ذمہ داری ہے کہ ملت اسلامیہ کے اتحاد کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔آخر میں ریجنل ناظم اشتیاق حسین زاہد نے کانفرنس میں شریک تمام علماء کرام و شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔