بائیڈن

الیکٹورل کالج سے کامیابی کی تصدیق، جمہوریت کی جیت ہوئی، بائیڈن

واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکہ میں صدارتی انتخابات کے بعد صدر اور نائب صدر کے انتخاب کے ذمہ دار الیکٹورل کالج نے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی کامیابی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الیکٹورل کالج کی ووٹنگ کے بعد قوم سے اپنے خطاب میں بائیڈن نے کہا کہ آج امریکہ میں جمہوریت کی فتح ہوئی اب وہ امریکی قوم کو متحد کرنے کے لیے کام کریں گے۔ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن سے اپنے خطاب میں بائیڈن نے کہا کہ ملک میں حکمرانی کے اصولوں کو آزمائش میں ڈالا گیا، دھمکیاں دی گئیں لیکن یہ کمزور نہیں ہوئے۔اپنے خطاب میں بائیڈن نے صدر ٹرمپ اور ان کے حامیوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر تنقید کرتے ہوئے اسے جمہوریت پر حملہ قرار دیا۔

صدر نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال بھی پرامن انتقالِ اقتدار کو نہیں روک سکا۔بائیڈن نے کہا کہ ہم نے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود جمہوریت پر اپنا یقین مضبوط رکھا۔ اداروں پر اعتماد کیا اور الیکشن کی ساکھ کو بچایا۔بائیڈن نے کہا کہ کچھ لوگوں کو شاید اب بھی یہ ادراک نہیں کہ جمہوریت امریکی عوام کے دلوں کے ساتھ دھڑکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں سیاست دان طاقت حاصل نہیں کرتے بلکہ عوام انہیں یہ طاقت دیتے ہیں۔ جمہوریت کی شمع کئی صدیوں سے یہاں روشن ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ کوئی عالمگیر وبا، اختیارات کا ناجائز استعمال اس شمع کو نہیں بجھا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں